گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں انصاف کی بروقت فراہمی عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے اور اداروں کی ساکھ بہتر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے،جب کسی مستحق سائل کو میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق بروقت انصاف ملتا ہے تو یہ نہ صرف اس فرد کیلئے اطمینان کا باعث بنتا ہے بلکہ ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام کو سستا، فوری اور قابلِ رسائی انصاف فراہم کرنے کی خاطر صوبائی محتسب کے ادارے کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب کو مختلف سرکاری محکموں کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات کی ہفتہ وار سماعت کے دوران کیا۔
اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نے سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں میں عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، انتظامی امور میں شفافیت یقینی بنانے، بھرتیوں اور ترقیوں میں میرٹ کی پاسداری اور ہر قسم کی بدعنوانی و بے ضابطگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کریں۔
سرکاری اداروں کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل اور انکے جائز حقوق کا تحفظ ہونا ضروری ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر معاشرے کے غریب اور نادار طبقات کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے کیونکہ انہیں پہلے ناانصافی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعدازاں طویل قانونی و انتظامی کارروائیوں کے باعث مالی مشکلات، ذہنی اذیت اور غیرضروری پریشانیوں سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے صوبائی محتسب کے ادارے پر زور دیا کہ وہ شکایات کے اندراج، ان کی جانچ پڑتال اور فیصلوں کے عمل کو مزید موثر بنائے تاکہ عام شہریوں کو اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے طویل اور مہنگے قانونی مراحل سے نہ گزرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کو انصاف کی فراہمی ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، کیونکہ وہ اکثر وکلا کی بھاری فیسیں اور طویل عدالتی کارروائیوں کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
انہوں نے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ دفتری امور میں عوام کی جائز شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور شہریوں کو غیرضروری تاخیر، پیچیدہ طریقہ کار اور دفتری رکاوٹوں سے بچانے کیلئے موثر طریقہ کار وضع کریں۔ گورنر نے وضاحت کی کہ گورنر ہاؤس کے شکایات سیل کے ذریعے ہفتہ وار سماعت کا یہ طریقہ کار ایک نیم عدالتی فورم، جسے قانونی اصطلاح میں کوائزی کورٹ (Quasi Court) کہا جاتا ہے کے طور پر کام کرتا ہے۔
اس کا مقصد متعلقہ شکایات کا جائزہ لیکر قانون اور ضابطوں کے مطابق انکے حل کی راہ ہموار کرنا اور متاثرہ شہریوں کو مؤثر داد رسی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر جعفر خان مندوخیل نے گورنر ہاؤس کی ٹیم بالخصوص ایڈیشنل سیکرٹری گورنر سیکرٹریٹ عبدالغفور کاکڑ کی کوششوں کو سراہا اور عوامی شکایات کے ازالے کی خاطر ان کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔









