وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری اور سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے کامیاب نفاذ کے بعد سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کرنے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لانے کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ اجلاس کو بتایا گیا کہ 28 سرکاری محکموں میں اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جاچکی ہیں۔اجلاس میں سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی لانے، فیصلہ سازی کے عمل کو مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری معاملات کو نمٹانے میں غیر ضروری تاخیر کم کرنے، متعلقہ حکام کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کی مؤثر معاونت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید اور مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری کاموں میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ دیا جاسکتا ہے، جس سے نہ صرف انتظامی معاملات بہتر ہوں گے بلکہ عوام کو بھی سرکاری خدمات کے حصول میں آسانی میسر آئے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کو بہتر، مؤثر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تمام محکموں کے درمیان مربوط تعاون کے ذریعے اصلاحاتی اقدامات کو آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد ہیں۔ حکومت بلوچستان میں گڈ گورننس کو فروغ دینے اور انتظامی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کو بھی مؤثر بنایا جاسکے۔









