حکومت نے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، فضل الرحمان

37

اپوزیشن اتحاد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، دونوں نے تحریک انصاف کے احتجاج کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس فوری بلانے کا فیصلہ کیا ہے، فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے جو رویہ اختیار کیا اس نے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی، پی ٹی آئی اگر اسلام آباد آنا چاہتی ہے تو رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سربراہ جے یو آئی کے گھر علامہ راجا ناصر عباس اور اسد قیصر پہنچے ہیں جن کی مولانا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا لطف الرحمان، محمد اسلم غوری، سینیٹر کامران مرتضٰی ، اخونزادہ حسین جے یو آئی خیبرپختونخوا اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر مولانا لطف الرحمان بھی شریک تھے۔

ملاقات میں سیاسی معاملات پر بات چیت ہوئی، حکومت کے خلاف احتجاج تحریک پر بات کی گئی۔ ملاقات کے بعد اپوزیشن اتحاد اور مولانا فضل الرحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو اس وقت ملک کے اندر سیاسی صورتحال ہے اور ہماری سیاست عدم توازن کا شکار ہے، حکمرانوں کا حزب اختلاف کے ساتھ جو رویہ ہے اس حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں، اپوزیشن کی حکومتی وفد کے مذاکرات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جمہوری لوگ مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، ہم اس مذاکرات کا حصہ نہیں تھے پر اس سے اختلاف بھی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی جو رویہ ہے انہوں نے آئندہ مذاکرات کی گنجائش نہیں چھوڑی، اگر کچھ ایسے مذاکرات رکھے جائیں جس میں کچھ آپ مان جائیں کچھ ہم مان جائیں تو بہتری ہوگی، اس حوالے سے ایک تجویز میرے سامنے رکھی گئی ہے، آل پارٹیز کانفرنس رکھنے کا مشورہ سامنے آیا ہے، اس پر ہم بھی اپنی پارٹی سے مشاورت کرلیتے ہیں اور اپوزیشن اتحاد بھی مشاورت کر لے۔

مولانا نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، خطے میں امن وامان، کشمیر کا ایشو اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بات ہو سکتی ہے، کوئی ایسا ایجنڈا تیار کیا جائے جس سے ملکی سیاست میں میانہ روی آجائے، جہاں تک لانگ مارچ کا تعلق ہے ہم نے بھی بہت لانگ مارچ کیے ہیں، پی ٹی آئی اگر اسلام آباد آنا چاہتی ہے تو رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیے یہ ان کا آئینی حق ہے۔

اے پی سی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جارہے ہیں، ناصر عباس

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارے جو حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوئے انُ کی تفصیلات مولانا صاحب سے ڈسکس کی، آل پارٹیز کانفرنس کے لئے ہم مختلف سیاسی جماعتوں کے پاس جا رہے ہیں، ملک میں اس وقت معاشی صورتحال خراب ہے، ہر انسان مہنگائی سے تنگ ہے، سیاسی لوگ جب بیٹھتے ہیں تو وقت دیتے ہیں، ان میں لچک ہوتی ہے، وہ راستہ نکالتے ہیں، آئین ان لوگوں نے بنایا جن میں بہت سے اختلافات تھے، ان کی بات درست ہے، ہم جب جماعت اسلامی سے ملے تو ہم نے انہیں کہاں کہ ایجنڈا ہمیں بھیج دیں، جب مل بیٹھنا ہے تو سب کی مشاورت سے ایجنڈا بننا ہے، جب ایجنڈا بنے گا تو پورے ملک کے مسائل رکھے جائیں گے۔

ہم جو اے پی سی ہم منعقد کریں گے اس میں پوری قوم کی آواز لے کر آ گے چلیں گے، سلمان راجا

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس ملک میں بنیادی اصولوں پر ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے، ہم نے مذاکرات میں ایک گنجائش نکالنے کی کوشش کی، یہ آخری کوشش نہیں تھی، اور بھی مواقع آئیں گے، ہم نے تمام زخموں پر مرہم رکھنا ہے، جو اے پی سی ہم منعقد کریں گے اس میں پوری قوم کی آواز لے کر آ گے چلیں گے، ہماری پوری جماعت ہم متحد کھڑے ہیں، جو جنگ ہم لڑ رہے ہیں وہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں