بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کی ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون میں فیلڈ انسپیکشن کے دوران طبی مراکز میں ہیلتھ کیئر اسٹینڈرڈز، متعلقہ قوانین اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔فیلڈ انسپیکشن کے دوران 4 جنرل پریکٹیشنر (جی پی) کلینکس، ایک پولی کلینک اور ایک نرسری کا معائنہ کیا گیا۔
فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ نے اے پی پی کوبتایاکہ معائنے کے بعد عدم تعمیل پر بی ایچ سی سی کی جانب سے مختلف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ایک جی پی کلینک کو جرمانہ عائد کرکے اس کی سروسز بند کردی گئیں، جبکہ ایک نرسری کو سیل کرنے کے ساتھ جرمانہ بھی کیا گیا۔اسی طرح 3 جی پی کلینکس کو عدم تعمیل پر نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ ایک پولی کلینک کو بھی نوٹس جاری کرنے کے ساتھ سروسز بند کردی گئیں۔
بی ایچ سی سی کے مطابق پولی کلینک میں کمیشن کے ضوابط اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، کلینیکل گورننس کے فروغ اور عوام کو غیر محفوظ و غیر قانونی طبی طریقہ کار سے تحفظ فراہم کرنا کمیشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ہیلتھ کیئرکمیشن کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور متعلقہ ضوابط کے تحت صوبے بھر میں فیلڈ انسپیکشن اور قانون پر عملدرآمد کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔









