امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث شدید متاثر ہونیوالا فضائی نظام بحال ہونا شروع

37

امریکا میں فضائی مواصلاتی نظام کی سنگین تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہونے والے غیر معمولی بحران میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کر دی ہے اور فضائی آپریشن بتدریج بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق 14 ہزار 5 سو سے زائد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا جبکہ 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق اس بحران کے پیچھے کسی سائبر حملے کا فی الحال کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، تاہم تکنیکی خرابی کی تحقیقات جاری ہیں۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ فضائی نظام کو مکمل معمول پر لانے میں وقت لگ سکتا ہے جبکہ مختلف ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر بدستور مشکلات کا شکار ہیں۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے پرانے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کو مسئلے کا اہم سبب قرار دیا ہے۔

امریکی فضائی نظام میں خرابی؛ 13 ہزار سے زائد پروازیں، 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر

اس سے قبل امریکی فضائی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں 13 ہزار سے زائد پروازیں اور 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر ہونے کا انکشاف ہوا۔

امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی، جبکہ ریڈار، ایئر ٹریفک کنٹرول اور ریڈیو فریکوئنسیز میں مسائل سامنے آئے۔ امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا الگ الگ جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے گراؤنڈ اسٹاپ ختم ہونے کا وقت نہیں بتایا تھا۔

امریکا کے دو بڑے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی لینڈنگ کی گنجائش تقریباً ختم

امریکا میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث دو بڑے ہوائی اڈوں پر مزید طیارے اتارنے کی گنجائش تقریباً ختم ہوگئی ہے۔

رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر مزید طیاروں کی لینڈنگ کی گنجائش ختم ہوچکی ہے جبکہ شکاگو کے اوہیر ایئرپورٹ پر بھی گنجائش ختم ہونے کے قریب ہے۔

اس صورتحال میں ان ہوائی اڈوں پر آنے والی پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارنا پڑسکتا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس پر لینڈ کرنے والی بعض پروازیں ٹارمک پر کھڑی ہیں اور مسافروں کو طیاروں سے اتر کر ٹرمینل کے دروازوں تک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن نے کہا تھا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے اور ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث پروازیں روکی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت یا سائبر حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا، تاہم یہ نائن الیون جیسا واقعہ نہیں اور گراؤنڈ اسٹاپ کسی سکیورٹی خطرے کے باعث نہیں لگایا گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پروازوں کے بحران کی وجہ سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت نہیں لگتی۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بھی واضح کیا ہے کہ فضائی نظام کی خرابی کا اس کے سروسز سے کوئی تعلق نہیں۔

ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین خرابی کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ ایف بی آئی نے بھی معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یوروکنٹرول کے مطابق امریکی فضائی نظام میں خرابی کے باعث یورپ سے امریکا جانے والی پروازیں بھی عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔

ادھر امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا ہے، جس کے باعث ویب سائٹس پر موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی ہے۔ محکمے کے مطابق تکنیکی ماہرین خرابی دور کرنے میں مصروف ہیں جبکہ شدید متاثر نظام بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں