سی ٹی ڈی حیدرآباد کی ٹیم نے انٹیلی جنس بیسڈ پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ایس آر اے کا مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد امام بخش خاصخیلی کو تھانہ ہوسڑی کی حدود سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، گرفتار ملزم سے ہینڈ گرنیڈ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، ریموٹ کنٹرول، بیٹری اور ڈیٹونیٹنگ کورڈ، 30 بور اور سب مشین گن کے خالی خول بھی ملے ہیں۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کا ساتھی سومار ملاح پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزم کے خلاف دہشت گردی اور ایکسپلوزو ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
گرفتار دہشت گرد امام بخش خاصخیلی کالعدم تنظیم ایس آر اے کا نظریاتی کارکن اور سہولت کار ہے، ملزم سی ٹی ڈی کے متعدد مقدمات میں اشتہاری اور روپوش دہشت گرد ہے، گرفتار ملزم کا تعلق پہلے سے گرفتار دہشت گرد مبشر لغاری، علی حیدر کتریو، سارنگ میرانی اور مہران میرانی سے ہے، گرفتار ملزم دہشت گردوں کی مالی معاونت اور بارودی مواد کی فراہمی میں بھی ملوث رہا ہے۔
گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ بارودی سامان ساتھی سومار ملاح نے اسے فراہم کیا تھا ، ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ملزم کی بھرتی مبینہ طور پر ایس آر اے کمانڈر اصغر شاہ نے ٹیلی گرام کے ذریعے کی تھی، گرفتار ملزم نے مختلف دہشت گرد کارروائیوں اور ساتھیوں سے روابط کا اعتراف کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم اندرون سندھ سجاول میں کارگو ٹریلرز پر فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہا، او جی ڈی سی ایل کی گاڑیوں پر حملوں، پتھراؤ اور بھتہ خوری میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے۔
ملزم نوجوانوں کو ریاست مخالف سرگرمیوں پر اکسانے اور ذہن سازی میں بھی ملوث رہا، فرار ملزم سومار ملاح کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار ملزم سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں، جدید خطوط پر تفتیش جاری ہے۔









