جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹرمولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ 11 جولائی کو قصورمیں جلسے میں عوام کے حقوق اور دینی مدارس کے تحفظ پر بات ہوئی،جلسے کی باتیں پنجاب کے کچھ لوگوں کو پسند نہیں آئیں،مولانا فضل الرحمن کی تقریرپراعتراض کیاگیا،سب سے زیادہ تکلیف مسلم لیگ ن کو پہنچی،مولانا فضل الرحمن کی تقریر پر اعتراض کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے وزرا ان سے معافی مانگیں، جے یو آئی (ف) اپنے قائد کے بیان پر جان نچھاور کرنے کے لیے تیار ہے، ملک کے دفاع میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی وفادار رہے گی یہ بات انہوں نے جمعہ کو جمعیت علماء اسلام لائرز فورم کے اجلاس کے بعد سینیٹر کامران مرتضی سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔
مولانا عبدالوسع کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع میں جے یو آئی ف سب سے پہلے میدان میں آئی،انڈیا نے حملہ کیا توسب سے پہلے مولانا فضل الرحمان نے فوج کی حمایت میں تقریرکی،ہم ملک کے وفا دار ہیں اور رہیں گے ،ملک کے دفاع میں شہید ہونے والے ہمارے بھائی اور ماتھے کا جھومر ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزرا مولانا فضل الرحمان سے معافی مانگیں۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا سرفراز بگٹی کے جانے کے بعد اسی طرح کا کوئی اور آجائے گا ، ہم موجودہ نظام کے خلاف ہیںاس تبدیلی کی جدوجہد کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے این ایف سی کے تحت جو حاصل کیا وہ اب اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو تین، تین ارب دے کر اڑایا جارہا ہے۔
۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مختلف سیاسی جماعتوں کو اداروں سے لڑایا ہے آج جو مولانا فضل الرحمن کے خلاف باتیں کررہے ہیں وہ ماضی میں اداروں کے خلاف باتیں کرتے رہے ہیں ،ہم اپنے قائد کے بیان پر جان بھی قربان کرسکتے ہیں ، ہم افواج پاکستان اور ان سربراہ سے کہتے ہیں وہ قائد کے خلاف بولنے والوں کے منہ بند کرادیں ،ہمارے بے شمار کارکنوں نے ملک کے دفاع کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں ، مولانا ادریس نے فیلڈ مارشل کی تعریف کی تو انہیں قتل کیا گیا ، ہمیں جو کچھ کہا جائے مگر ہم ملک کے وفا دار رہیں گے ۔
مولانا عبدالوسع نے کہا کہ ملک کے دفاع میں شہید ہونے والے ہمارے بھائی اور ماتھے کا جھومر ہیں ، ہمارا تو مطالبہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزرا مولانا فضل الرحمن سے معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انگریز سے پاکستان حاصل کیا ہم ملک کے وفادار رہیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں غیر قانونی لشکر بنائے جائیں گے تو ان پر تنقید بھی ہوگی۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ انہیں کچھ بھی کہا جائے، وہ ملک کے وفادار رہیں گے، پاکستان علماء نے حاصل کیا اور جے یو آئی اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر جے یوائی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جے یو آئی ف کا وکلا کنونشن اتوار کو ہوگا جس میں مولانا فضل الرحمن کی تقریر کا جائزہ لے کر موقف واضح کیا جائے گا۔









