گندم کی قیمتوں میں اضافے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی، زمینی حقائق کو ملحوظ خاطر رکھ کر تجزیہ کرکے تندور والوں کو روٹی کا نیا نرخ دیا جائے ، رحیم آغا

33

انجمن تاجران کے صدر رحیم آغا، تندور ایسوسی ایشن کے صدر ولی افغان ترین ، حاجی دائود خلجی ، عبدالکبیر، نعمت خان ، اختر جان ، منگل خان سمیت دیگر نے ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے اپیل کی ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے زمینی حقائق کو ملحوظ خاطر رکھ کر تجزیہ کرکے تندور والوں کو روٹی کا نیا نرخ دیا جائے تاکہ وہ اسی قیمت پر روٹی کی فروخت کو یقینی بنائیں۔

بلا جواز چھاپوں، گرفتاریوں اور جرمانوں کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر ہم احتجاج کا راستہ اختیار کرتے ہوئے شٹر ڈائون ہڑتال کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں آل کوئٹہ تندور ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر عبدالرحمن نیازی، فضیرآغا، سجاد حسین ہزارہ، ، سعید حسین ہزارہ، نعمت اللہ شاہین، کبیر خان ، عبدالکبیر خان، محمد سلیم ، میر شبیر سنجرانی،سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

رحیم آغا ، ولی افغان ترین اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گراں فروشی ، یوٹیلٹی بلوں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور آٹے کے نرخ میں آئے روز بڑھتے ہوئے اضافے نے ہر شہری کو پریشان کر رکھ رکھا ہے اسی طرح نان بائیوں کو آٹے کی قیمت میں روز بروز اضافے نے مختلف مسائل سے دو چار کر رکھا ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گندم اور آٹے کی قیمت سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کی بجائے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈائون کرکے بلا جواز چھاپے مار کر انہیں گرفتار اور جرمانے کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے نان بائیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ہم نے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا ہے اور دونوں ڈپٹی کمشنرز کوئٹہ نے ہمیشہ مسائل کے حل کو ممکن بنایا ہے اور انہوں نے ہر مثبت معاملے میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے ہمیں امید ہے کہ وہ اس صورتحال کا بھی جائزہ لیکر مسئلے کے حل کو یقینی بنائیں گے اور اس حوالے سے ان سے ملاقات کرکے انہیں تاجروں اور نان بائیوں کے مسائل سے آگاہ کریں گے کہ ڈپٹی کمشنرز کوئٹہ اور انتظامیہ مہنگائی اور آٹے کی قیمت میں اضافے سمیت دیگر لوازمات کی بڑھتی ہوئی قیمت کو مد نظر رکھتے ہوئے تجزیہ کرکے نان بائیوں کو نیا نرخ نامہ جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر نان بائیوں کے تندوروں پر چھاپوں ، گرفتاریوں اور جرمانوں کا سلسلہ بند کریں اگر یہ بند نہ ہوا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبورہوں گے اور پہلے مرحلے میں شٹر ڈائون ہڑٹال کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی۔ اگر پھر بھی معاملات حل نہ ہوئے تو ہم اپنے احتجاج کو وسعت دیں گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں