بلوچستان اسمبلی سے تعمیر نو یونیورسٹی کوئٹہ ایکٹ 2026 منظور، گورنر بلوچستان کی توثیق

40

بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت، صوبائی اسمبلی بلوچستان نے تعمیرِ نو یونیورسٹی کوئٹہ ایکٹ 2026 بھاری اکثریت سے منظور کر لیا، جس کے بعد گورنر بلوچستان نے بھی ایکٹ کی توثیق کر دی۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بل 12 اکتوبر 2026ء کو صوبائی اسمبلی سے منظور ہوا، جبکہ 13 اکتوبر 2026ء کو گورنر بلوچستان کی منظوری کے بعد اسے ایکٹ کی حیثیت دے دی گئی۔

ایکٹ کے تحت تعمیرِ نو یونیورسٹی کوئٹہ کا قیام نجی شعبے میں عمل میں لایا جائے گا، جس کا مرکزی کیمپس کوئٹہ میں ہوگا۔ یونیورسٹی کو تدریس، تحقیق، وظائف، ڈگریوں کے اجرا اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کیمپسز، ذیلی کیمپسز، کالجز اور تحقیقی مراکز قائم کرنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

ایکٹ میں طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی مواقع، مالی معاونت اور مستحق طلبہ کے لیے وظائف کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے، تاکہ اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں میرٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔ یونیورسٹی کو تعلیمی، مالی اور انتظامی خودمختاری دی گئی ہے، تاہم اسے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے متعلقہ قواعد اور تعلیمی معیار سے متعلق تقاضوں کی پابندی کرنا ہوگی۔یونیورسٹی کے قیام کا مقصد اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔تعمیرِ نو یونیورسٹی کوئٹہ ایکٹ 2026 کی منظوری کو صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں