بلوچستان کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز کوئٹہ میں موجودہ سیکیورٹی حالات کے تناظر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری، ڈی آئی جی پی شاد ابن مسیح PSP، نے کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی ہیڈکوارٹر، کمانڈر X-IV، III-II-I، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اسداللہ اور بلوچستان کانسٹیبلری کے دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی آئی جی پی شاد ابن مسیح PSP، نے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے زونز میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور مثر بنائیں، اور موجودہ حالات کے مطابق رپورٹ پیش کریں۔قائم مقام کمانڈنٹ نے کہا کہ گشت کے دوران اہلکاروں کو غیر ضروری فورس کا استعمال نہیں کرنا چاہیے بلکہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا پولیس کے فرائض میں شامل ہے، جس کے لیے اہلکاروں کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے تاکہ شہریوں کے ساتھ اچھا تعلق اور احساسِ تحفظ قائم رہے۔ڈی آئی جی پی شاد ابن مسیح نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان کی واضح ہدایات اور ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے ماتحت اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کریں تاکہ وہ فرائض منصبی بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔
اجلاس میں زونل کمانڈرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ جوانوں کی ڈیوٹی شیڈولنگ اس انداز میں کریں کہ کسی بھی جوان کو مسلسل آٹھ گھنٹے سے زائد ڈیوٹی نہ دی جائے۔قائم مقام کمانڈنٹ نے اس موقع پر کہا کہ نظم و ضبط، عوامی خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت پولیس فورس کی پہچان ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض نیک نیتی سے سرانجام دیں









