بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان قوم کے عزم، اتحاد اور ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی علامت کا دن ہے۔
یہ دن ہمیں 1965ء کی جنگ کے اُن عظیم شہداء اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے رات کے وقت پاکستان پر حملہ کر دیا۔
اس اچانک حملے کا افواج پاکستان کے جوانوں نے جرات اور بہادری سے جواب دیتے ہوئے دشمن کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔ پاک افواج کے موثر جوابی کارروائی نے اقوام عالم اور خصوصاً دشمن ملک بھارت پر واضح کر دیا کہ پاکستان کی فوج پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لبریز فوج ہے جو اپنے عوام کے دفاع اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم بحیثیت قوم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں میں سیکورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پل پل بدلتی صورتحال کے پیش نظر پورے ملک کے عوام، سیاسی جماعتیں و دیگر لوگ اپنے تمام تر سیاسی و دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے افواج پاکستان و دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کے ذریعے ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجوں سے مقابلہ کرنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔









