امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں مختلف چیک پوسٹوں پر عوام، مسافروں،خواتین، بزرگوں اور مریضوں کو گھنٹوں بلاوجہ روکنا،ان کی تذلیل کرنا اور شدید ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کرنا بدترین ظلم، ناانصافی اور انتظامی ناکامی ہے۔ریاستی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری عوام کو سہولت، تحفظ اور عزت فراہم کرنا ہے، مگر افسوس کہ انہیں سہولت دینے کے بجائے مشکلات اور تکالیف میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات اور گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر قائم متعدد چیک پوسٹوں پر روزانہ مسافر گاڑیوں، بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کی طویل قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ مریض، خواتین، بچے، بزرگ، معذور افراد اور روزگار کی غرض سے سفر کرنے والے شہری شدید گرمی میں گھنٹوں انتظار پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف ان کی صحت متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہو رہا ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ شدید گرمی، بھوک، پیاس اور غیر ضروری تاخیر نے بلوچستان میں سفر کو عوام کے لیے عذاب بنا دیا ہے۔
کئی مرتبہ ہنگامی طبی امداد کے محتاج مریض بروقت اسپتال نہ پہنچنے کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ امتحانات، ملازمتوں، کاروباری سرگرمیوں اور دیگر اہم معاملات کے لیے سفر کرنے والے شہری بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے تقاضے اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن عوام کی عزت، جان اور وقت کا تحفظ بھی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
جدید اور مؤثر نظام متعارف کروا کر سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو غیر ضروری انتظار، بے جا پوچھ گچھ، بدسلوکی اور اذیت سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، متعلقہ سیکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایسا مربوط نظام وضع کریں جس سے چیک پوسٹوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے،
مسافروں کو بلاوجہ انتظار نہ کرنا پڑے اور مریضوں، خواتین، بزرگوں اور ایمرجنسی کیسز کے لیے خصوصی سہولت فراہم کی جائے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت اور متعلقہ اداروں کی غفلت عوام کو احتجاج پر مجبور کر رہی ہے۔
اگر عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ نہ کیا گیا تو بے چینی نقصانات میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی بلوچستان عوام کے بنیادی حقوق، عزت، جان و مال کے تحفظ اور سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور پارلیمانی فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی









