پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ زاہد خان خلجی سے جمعرات کے روز ملاقات کی، جس میں حلقے کو درپیش بنیادی مسائل بالخصوص صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال اور نکاسی آب کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ملاقات کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے شہر میں صفائی اور بند نالوں کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر میر لیاقت لہڑی نے عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہےتاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
میر لیاقت لہڑی نے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن زاہد خان خلجی کی جانب سے کوئٹہ میں صفائی ستھرائی اور شہری مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی کاوشوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے شہر کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔اس موقع پر شارخ لہڑی، الیاس پندرابی اور حاجی علی گل لہڑی بھی موجود تھے۔









