14

پاکستان کسی بھی مہم جوئی کیخلاف اپنی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کریگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے“نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر”کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کے خلاف اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرے گا۔آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے۔ افغان طالبان کے زیر اثر دہشتگرد پراکسی عناصر سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے فیکلٹی اور زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع کے لیے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے مادرِ وطن کے دفاع میں شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی خودمختاری، امن اور استحکام کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے“معرکہ حق”کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج کی تاریخی کامیابی حاصل کی اوربھارت کی بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے ذمہ دارانہ طرز عمل اور تحمل کا مظاہرہ کیا، جسے عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ“آپریشن غضبْ اللحق”پوری قوت کے ساتھ جاری ہے، جس کا مقصد افغان طالبان میں موجود دہشت گرد پراکسیوں کے خلاف کارروائی، معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں و سہولت کار نیٹ ورکس کو نشانہ بنانا ہے۔وزیراعظم نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔انہوں نے دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت افسران کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے عسکری سفارتکاری اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے“نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر”کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء دفاع، داخلہ و اطلاعات اور وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں