124

پاکستان بپھرے دریاؤں نے پنجاب کے 280 دیہات ڈبو دیے، متاثرہ علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان

بپھرے دریاؤں نے پنجاب بھر کے 280 دیہات ڈبو دیے، تیار فصلیں پانی میں بہہ گئیں، مکینوں کے آشیانے ڈوب گئے،ہزاروں افراد گھر بار چھوڑ کر رستوں پر آگئے، جہاں زندگی سانس لیتی تھی وہاں اب ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کاسیلاب برقرار ہے جہاں مزید کئی دیہات خالی کرانےکے لیے اعلانات کیےگئے۔

دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث لاہور کی مختلف آبادیوں میں راوی کا پانی داخل ہوگیا، بارہ دری ، ٹھوکر نیاز بیگ،بادامی باغ، چوہنگ، بابو صابو اور رنگیل پورسمیت کئی علاقے زیر آب آگئے۔

گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں بھی صورتحال معمول پر نہ آسکی جہاں کئی دیہاتوں میں تاحال سیلابی پانی موجود ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی تیار فصلیں تباہ ہوگئیں، لوگ محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر رہے ہیں۔

سرگودھا، چنیوٹ، بہاول نگر، فیصل آباد میں بھی نشیبی علاقوں کے مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے، حکام کے مطابق سیلاب کے باعث پنجاب بھر میں 280 دیہات زیر آب آچکے ہیں جبکہ 28 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں