پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو اسکول کی سطح پر دوبارہ زندہ کرنے اور نوجوان نسل میں کھیل کا شوق بیدار کرنے کے لیے ایک تاریخی اقدام کے تحت کوئٹہ ڈویژن کے 25 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کا سامان (ہاکی کٹس) تقسیم کرنے کی پروقار تقریب ایوب ہاکی سٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔
ترجمان پی ایچ ایف کیمطابق تقریب میں ڈی جی پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان، اسپیشل سیکریٹری محکمہ تعلیم بلوچستان رضوان قدیر، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید امین شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس سجاد اسلم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمدسمیت پاکستان ہاکی کے نمائندگان اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلی افسران، تمام متعلقہ اسکولوں کے اساتذہ اور طلبا نے شرکت کی۔
تقریب میں کوئٹہ ڈویژن کے 25 سے زائد رجسٹرڈ اسکولوں کو جدید ہاکی کٹس اور سامان فراہم کیا گیا۔ اس اقدام کے بنیادی مقصد اسکول کے بچوں کو کھیل کے لیے بنیادی اور معیاری سامان مہیا کرنا۔گراس روٹ لیول پر فروغ اور تعلیمی اداروں کے ذریعے ہاکی کو نچلی سطح پر مستحکم کرنا اور اسکولوں سے ابھرتے ہوئے نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور ان کی تربیت کرنا یے۔قومی کھیل کی بحالی و ملک میں ہاکی کے پرانے دور کو واپس لانا۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندگان اور طلبا نے تقریب میں شرکت کر کے ہاکی کٹس وصول کیں۔









