دورۂ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کی غیرمعیاری کارکردگی پر پی سی بی حکام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا جس کے بعد ٹیم میں ہنگامی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 6 کرکٹرز کو پاکستان سے انگلینڈ طلب کرلیا گیا ہے، جن میں صائم ایوب اور عرفات منہاس بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑی ویزے ملنے کے بعد انگلینڈ روانہ کیے جائیں گے۔
دوسری جانب امام الحق کی مشکوک انجری بھی سوالات کی زد میں آگئی ہے۔ گزشتہ روز توقع تھی کہ وہ مشکل صورتحال میں دردکش انجیکشنز لگوانے کے بعد بیٹنگ کے لیے میدان میں اتریں گے تاہم امام الحق نے میچ میں حصہ نہیں لیا۔
ذرائع کے مطابق امام الحق کے ساتھ محمد رضوان کو بھی ناقص اور غیرذمہ دارانہ بیٹنگ پر وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادھر وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد بھی ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیسٹ سیریز پہلے ہی گنوا چکا ہے، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے شروع ہوگا۔









