امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہیگی، ظہور بلیدی

38

وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میر ظہور بلیدی نے مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا امن دشمن عناصر کے لیے کاری ضرب ہے۔

اپنے بیان میں میر ظہور بلیدی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کے ذریعے اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر سیکیورٹی ادارے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔

ملک دشمن عناصر کو بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میر ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی جدوجہد اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اور دہشت گردی کے مکمل سدباب تک کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ بننے والی قوتوں کو ناکام بنایا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی یکجہتی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں