وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار جمیل احمد کو کیسکو کی جانب سے 168024 روپے کا چیک دلوا دیا گیا۔ درخواست گزار جمیل احمد نے بتایا کہ انہوں نے سن 2006 میں اپنے ٹیوب ویل کے لیے نئے کنیکشن (بجلی میٹر )کے لیے 168,024 روپے کا ڈیمانڈ نوٹ جمع کیا۔عرصہ گزر گیا لیکن کنیکشن نہ لگ سکا۔وہ متعدد بار کیسکو آفس گئے لیکن ان کی کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔
وہ 19 برس تک نئے کنیکشن کے لیے کیسکو آفس چکر لگاتے رہے لیکن سب بے سود۔پھر انہوں نے مجبور ہو کر وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کر کے متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف درخواست دائر کی۔اور اپنی جمع کی گئی رقم واپس لینے کی درخواست کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔
سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کو نئے کنیکشن کی مد میں جمع کی گئی رقم جلد واپس کی جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کو نئے کنیکشن کی مد میں جمع کی گئی رقم 168024 روپے واپس کر دیے گئے۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا









