کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)
محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن کسی کو بھی زبردستی سڑکیں یا شاہراہیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ زور زبردستی اور تشدد کے ذریعے شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی فیڈرل سبجیکٹ کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت کارروائی ہوگی۔ ریلوے، ایئرپورٹ، ڈیوٹی پر جانے والے افراد اور ایمرجنسی سروسز کو ڈسٹرب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز فعال رہیں گے اور ان کی بندش برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز، ہائی ویز اور تمام منصوبوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔ اسی طرح ہسپتال، عوامی ٹرانسپورٹ، فیول اسٹیشنز اور مارکیٹس ہر صورت فعال رہیں گے، جبکہ ڈاکٹروں، عملے کی حاضری اور ایمبولینسز و ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے خبردار کیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام کی آزادیِ نقل و حرکت اور بنیادی سہولیات میں رکاوٹ ڈالنے والے قانون کے تحت جرم کے مرتکب ہوں گے اور امن عامہ کو نقصان پہنچانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔









