بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے محکمہ جنگلات میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق کمیٹی نہ بنانے کا اعلان، قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری کا وفقہ سوالات میں وزراء کی عدم موجودگی پر احتجاج ،جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے کہا ہے
کہ محکمہ جنگلات میں آسامیوں پر بھرتیوں کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے، اس لیے اب تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی ضرورت نہیں رہی۔اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزیر کی عدم موجودگی پر قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے
کہا کہ جس روز متعلقہ محکموں سے متعلق سوالات ہوتے ہیں، اس روز وزیر ایوان میں موجود نہیں ہوتے، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ شاید وہ اسمبلی کو اہمیت نہیں دیتے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وزراء کو پابند کریں کہ جن محکموں سے متعلق سوالات ہوں، ان کے متعلقہ وزراء کی ایوان میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔متعلقہ وزراء کی عدم موجودگی کے باعث رکن بلوچستان اسمبلی زابد علی ریکی کے سوالات اگلے اجلاس تک موخر کردیے گئے۔









