ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (صدر) کوئٹہ محمد یوسف ہاشمی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز بورڈ کوئٹہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو درپیش مسائل، شکایات اور فلاح و بہبود سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آرمڈ سروسز بورڈ، پولیس، نادرا، محکمہ صحت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے نمائندوں سمیت سابق فوجیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف مسائل اور شکایات کو سنا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (صدر) نے متعلقہ محکموں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ پیش کردہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو درپیش مسائل کے بروقت حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور فلاح و بہبود کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے تحت اپنا کردار ادا کریں۔









