وفاقی حکومت نے یکم جولائی 2026 سے سرکاری ملازمین اور تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کے نئے سلیب متعارف کرا دیے ہیں۔
قومی اسمبلی نے فنانس بل 2026 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت مختلف آمدنی رکھنے والے افراد کے لیے نئی ٹیکس شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔
فنانس بل کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے افراد انکم ٹیکس سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہوں گے۔ جبکہ سالانہ 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے افراد پر ایک فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
نئے ٹیکس نظام کے تحت سالانہ 12 لاکھ سے 22 لاکھ روپے آمدن رکھنے والوں کو 6 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کے علاوہ اضافی رقم پر 11 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اسی طرح 22 لاکھ سے 32 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد پر ایک لاکھ 16 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی رقم پر 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ اس سے قبل یہ شرح 23 فیصد تھی۔








