اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ امیر حمزہ کی سربراہی میں میٹروپولٹین کارپوریشن کی جانب سے مختلف علاقوں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ۔جمعہ کے روزوزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی خصوصی ہدایات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے انسدادِ تجاوزات مہم میں تیزی لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں ۔
اسی سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے انچارج علی رضا کی نگرانی میں جمال الدین افغانی روڈ، مسجد روڈ اور سورج گنج بازار میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیاجبکہ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو آئندہ سرکاری حدود میں تجاوزات قائم نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
آپریشن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر امیر حمزہ بھی موجود تھے، جنہوں نے کارروائی کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے انسدادِ تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے ۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام نے کہا کہ عوامی مفاد، شہری سہولیات اور شہر کی خوبصورتی کے پیشِ نظر غیر قانونی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ شہریوں اور تاجروں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری املاک اور فٹ پاتھوں پر قبضے سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایک صاف، منظم اور خوبصورت کوئٹہ کی تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے۔









