وزیر اعلی بلوچستان کے تعلیمی وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیرِ صدارت کوئٹہ کے مختلف سرکاری سکولوں میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے (CSR) اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈی او ای، ڈسٹرکٹ یونیسف کوآرڈینیٹر کوئٹہ اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے شرکت کی۔
اجلاس میں کوئٹہ کے مختلف سرکاری سکولوں میں درکار بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا گیا، جن میں اضافی کمروں کی تعمیر، واش رومز، بائونڈری والز اور دیگر ضروری ترقیاتی کام شامل ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے سکولوں کی ضروریات اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلی رپورٹس طلب کر لی گئیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ طلبہ کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکولوں کی ضروریات کا درست تعین کرکے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔









