ویسے تو ستمبر میں آئی فون 17 کو پیش کیا گیا تھا اور ایپل کی نئی ڈیوائسز اگلے سال سے قبل سامنے نہیں آئیں گی مگر ان کے بارے میں لیکس کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
2027 میں پہلے آئی فون کو متعارف کرائے 20 سال مکمل ہو جائیں گے اور اس موقع پر ایپل کی جانب سے نئی ڈیوائسز کو ری ڈیزائن کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سال آئی فون 17 سیریز کو پیش کیا گیا تو اس حساب سے 2027 میں آئی فون 19 سیریز کو متعارف کرایا جائے گا۔
مگر ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایپل کی جانب سے 19 کی بجائے براہ راست آئی فون 20 سیریز کے نام سے نئے فونز کو پیش کیا جائے گا۔
ایسا ایپل کی جانب سے 2017 میں بھی کیا گیا تھا۔
اس موقع پر آئی فون کی 10 ویں سالگرہ پر کمپنی نے آئی فون ایکس کے نام سے نیا فون پیش کیا تھا۔
آئی فون ایکس کو ماضی کے آئی فونز کے مقابلے میں ری ڈیزائن کیا گیا تھا جس کے آثار اب بھی نظر آتے ہیں۔
آئی فون 20 سیریز بھی ایپل کے اسمارٹ فونز کے ڈیزائن کو تبدیل کرے گی۔
لیکس کے مطابق آئی فون 20 سیریز میں بیزل لیس پینل کو استعمال کیا جائے گا۔
نئی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے اگلے سال (2026) اسٹینڈرڈ آئی فون 20 کو پیش نہیں کیا جائے گا بلکہ آئی فون ائیر اور پرو ماڈلز کو فولڈ ایبل آئی فون فولڈ کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
اس کے بعد 2027 میں آئی فون 20 سیریز کو پیش کیا جائے گا جس میں اسٹینڈرڈ آئی فون ماڈل واپس شامل کیا جائے گا۔
مگر آئی فون 20 کو 2027 کی پہلی ششماہی میں متعارف کرایا جائے گا جبکہ ری ڈیزائن آئی فون 20 پرو، ائیر اور فولڈ 2 ماڈلز کو دوسری ششماہی میں پیش کیا جائے گا۔









