لاہور، موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، سڑکیں زیر آب آ گئیں، موٹر ویز پر بھی پھسلن

50

لاہور اور گردونواح میں نماز فجر کے بعد گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

شدید بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے مزید چند گھنٹے بارش جاری رہ سکتی ہے۔

سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کے لیے متعلقہ عملہ بھاری مشینری کے ساتھ متحرک ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو پھسلن کے باعث احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 11 اور قومی شاہراہ این 5 کے مختلف مقامات پر بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں۔

ایم 2 ساؤتھ پر کوٹ مومن سے کالا شاہ کاکو تک، ایم 3 پر فیض پور سے جڑانوالہ اور ننکانہ سے مرید والا تک، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی مختلف مقامات پر بارش ہوئی ہے۔ قومی شاہراہ این 5 کے اوکاڑہ سیکٹر میں بارش اور ہلکی بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں