قصور، 100 وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈکیت گینگ کے 5 کارندے گرفتار

9

پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر 100 سے زائد ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈکیت گینگ کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے قبضے سے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان قصور پولیس کے مطابق ڈی پی او قصور کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر پھولنگر کی سربراہی میں کامیاب کارروائی کی گئی۔

گرفتار ملزمان میں الیاس عرف الیاسی اوڑھ بھی شامل ہے جو متعدد ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ساڑھے 5 لاکھ روپے نقد، 15 موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان برآمد کیا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان موٹرسائیکلوں پر پھولنگر، پتوکی، چھانگا اور دیگر علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بناتے اور ڈکیتی و راہزنی کی وارداتیں کرتے تھے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دورانِ واردات مزاحمت کرنے والے شہریوں پر فائرنگ سے بھی گریز نہیں کرتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے 70 سے زائد سنگین وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔

ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کامیاب کارروائی پر تھانہ صدر پھولنگر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں