مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مبینہ مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگھوپیر غازی گوٹھ کے قریب سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
ریسکیو حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوئے۔ ہلاک ملزمان کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت 23 سالہ یحییٰ ولد عبدالواحد اور ہلال ولد سید محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم (بی ایل ایف) سے تھا اور وہ تنظیم کے کمانڈر تھے۔ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس کا سروس روڈ تین ہٹی پل کے قریب مسلح ملزمان سے مبینہ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت تلاش ڈیوائس کے ذریعے کی جارہی ہے، جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، 2 راؤنڈز، 1200 روپے نقدی، 3 موبائل فونز اور ایک یونیک 70 موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی گئی جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ادھر اے وی ایل سی جمشید ڈویژن کی ٹیم نے سندباد روڈ نظارت کے قریب خفیہ اطلاع پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
ترجمان اے وی ایل سی پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ دم توڑ گیا۔
اے وی ایل سی کے مطابق موقع سے 70 سی سی موٹر سائیکل نمبر KNG-0045 اور 30 بور کا پستول برآمد ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل تھانہ پیرآباد کے مقدمہ نمبر 406/2026 میں چھینی گئی تھی۔ گرفتار ملزم نے اپنا نام اطہر چانڈیو ولد دیدار جبکہ ہلاک ساتھی کا نام مظفر چانڈیو ولد شیرل چانڈیو بتایا۔
اے وی ایل سی کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق چانڈیو گینگ سے تھا جو کورنگی، ملیر، ایسٹ اور سینٹرل کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ملزم مظفر چانڈیو کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 8 مقدمات درج تھے، جن میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے، ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، پولیس پر حملے اور دیگر دفعات کے مقدمات شامل ہیں۔ گرفتار ملزم اطہر چانڈیو سے مزید تفتیش جاری ہے۔









