کوئٹہ نجی ٹی وی چینلزکی انتظامیہ کی جانب سے سے بیورو آفسز کی بندش اور صحافیوں سمیت میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کے خلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی کال پر صحافیوں نے بلوچستان اسمبلی کی کوریج کا بائیکاٹ کیا، صدر بی یو جے منظور احمد رند کی قیادت میں صحافیوں نے بلوچستان اسمبلی کے گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صحافیوں نے کوئٹہ میں نجی ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر اور الیکٹرانک میڈیا مالکان کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے کے خلاف نعرے لگائے مظاہرین نے کوئٹہ میں بند کئے گئے تمام ٹی وی چینلز کے دفاتردوبارہ کھولنے اور ٹی وی چینلز سے نکالے گئے تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ملازمتوں پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر اسپیکر کی ہدایت پر صوبائی وزیرمیر علی مدد جتک، اراکین اسمبلی رحمت صالح بلوچ اور فرح عظیم شاہ اور اراکین اسمبلی علی فرح عظیم شاہ پر مشتمل وفد کی بی یو جے کے مظاہرے میں آئے اور صحافیوں کے مطالبات سنے۔
بی یو جے کے صدر منظور احمد رند اور جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین نے وفد کو بی یوجے کے مطالبات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کویٹہ میں ایک تسلسل کے ساتھ الیکٹرانک میڈیا کے بیورو دفاتر بند کئے جارہے ہیں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کیا جارہا ہے ،نجی ٹی وی چینلز نے بیورو آفس بند کرکے صحافیوں سمیت کئی میڈیا ورکرز کو بیک جنبشِ قلم ملازمتوں سے فارغ کردیا ،بی یو جے کا مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومت اور بلوچستان اسمبلی سنجیدگی سے اس مسئلے کو دیکھے اور وفاقی حکومت، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اس مسئلے کو اٹھائے۔
بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر کی جانب سے بھیجے گئے وفد کے شرکاء نے صحافیوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش اور صحافیوں کو بے روز گار کرنے کا معاملہ اسمبلی کے فلور پر اٹھائیں گے جن کہ وزیر اعلیٰ کو بھی ان مطالبات سے آگاہ کریں گے۔وفد نے کہا کہ وہ کوئٹہ میں میڈیا کے بیورو دفاتر بند کرنے اور صحافیوں و میڈیا ورکرز کو بے روز کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں،بلوچستان کے صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے فلور پر بھی اٹھائیں گے، پوری بلوچستان اسمبلی اور یہاں کی سیاسی قیادت بلوچستان کے صحافیوں کے ساتھ ہے، اس مو قع پر صحافیوں نے وزراء و اراکین اسمبلی کی یقین دہانیوں پر احتجاج اور اسمبلی کوریج کابائیکاٹ ختم کردیا









