کیا روس چاند پر نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے والا ہے؟

70

روس نے چاند پر نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کرلی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس اپنے قمری خلائی پروگرام اور ایک مشترکہ روسی چائنیز ریسرچ اسٹیشن کی فراہمی کے لیے اگلی دہائی میں چاند پر ایک جوہری پاور پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس حوالے سے روس کی ریاستی خلائی کارپوریشن روسکوسموس(Roscosmos) نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے 2036 تک قمری پاور پلانٹ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، جسے مکمل کرنے کے لیے Lavochkin ایسوسی ایشن ایرو اسپیس کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

روسکوسموس نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ یہ پلانٹ جوہری ہوگا لیکن انہوں نے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ اس میں روس کا سب سے بڑا جوہری تحقیقی ادارہ شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پلانٹ کا مقصد روس کے قمری پروگرام کو طاقت دینا تھا، جس میں روور، ایک رصد گاہ اور مشترکہ روسی چینی بین الاقوامی قمری ریسرچ اسٹیشن کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے۔

روسکوسموس کے مطابق یہ منصوبہ مستقل طور پر کام کرنے والے سائنسی قمری اسٹیشن کی تخلیق اور ایک وقتی مشن سے طویل مدتی قمری ریسرچ پروگرام کی منتقلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس سے قبل روسکوسموس کے سربراہ دمتری بکانوف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کارپوریشن کا ایک مقصد چاند پر نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانا اور سیارے ‘زہرہ’ کو دریافت کرنا ہے، جسے زمین کا ‘سسٹر’ سیارہ کہا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں