افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15خوارج ہلاک

31

پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 15 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کا سراغ لگایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خوارج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔ اس کارروائی کا سلسلہ 36 گھنٹے تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 خوارج ہلاک کردیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کیے گئے کلیئرنس آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والا سامان خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو مزید بے نقاب کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج اور ان کے سہولت کار ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

بیان کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے میں مسلسل ناکامی سامنے آئی ہے، جبکہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں