پاکستان کی معیشت کے لیے خوشخبری ہے کہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک ٹو سے گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) نے بھی کی ہے۔
پی پی ایل کے ترجمان کے مطابق جی پی ایف ٹو فیلڈ سے اب روزانہ 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی جا رہی ہے، جو پہلے 55 ایم ایم سی ایف ڈی تھی۔ اس طرح یومیہ پیداوار میں 5 ایم ایم سی ایف ڈی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید براں، اس بلاک سے روزانہ 35 بیرل خام تیل اور 1 میٹرک ٹن ایل پی جی بھی حاصل ہو رہا ہے۔ پی پی ایل اس بلاک میں 65 فیصد شراکت دار ہے۔
ترجمان کے مطابق، گیس کی پیداوار میں اضافہ موجودہ فیلڈ سے ہائیڈروکاربن کے زیادہ سے زیادہ حصول کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے توانائی کے شعبے کو استحکام ملے گا اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔









