آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1 ارب 20کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

47

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 1 ارب 20کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

پیر کو واشنگٹن میں آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ کا پاکستان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے لیے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری دی گئی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت دوسرے جائزے کی منظوری دی گئی جس کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر فوری طور پر ملیں گے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں لچک اور استحکام سہولت کے پہلے جائزے کی منظوری بھی دی گئی، پاکستان کو اس مد میں 200 ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد کیا، سیلاب کے باوجود پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رہا، مالی خسارے میں کمی اور عوامی مالیات میں بہتری آئی۔

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ مالی سال 2025 میں پاکستان نے ایک اعشاریہ 3 فیصد بنیادی سرپلس حاصل کیا، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14 اعشاریہ 5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، پاکستان میں مہنگائی میں حالیہ اضافہ عارضی ہے۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں پاکستان پر ٹیکس اصلاحات اور آمدن میں اضافے پر زور دیتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو ناگزیر قرار دیا، اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے سرکاری اداروں کی اصلاح اور نجکاری پر بھی زور دیا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے نے قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے سخت مالیاتی پالیسی جاری رکھنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے تدارک اور گورننس کیلئے اصلاحات اہم ہیں۔

ذرائع کے مطابق 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کی مد میں 1 ارب ڈالر سے زائد ملیں گے، 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی پہلی قسط شامل ہے، دونوں قرض پروگرامز کی مجموعی جاری رقم 3.3 ارب ڈالر ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت 2 اقساط پہلے ہی مل چکی ہیں۔ آئی ایم ایف نے جاری قرض پروگرام پر عمل درآمد کو مضبوط قرا دیا۔ حکومت نے بھی معاشی اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں