بولان میں گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل

16

بولان کے علاقے دراز بینٹ کے قریب گیس پائپ لائن میں دھماکے کے باعث بلوچستان کے متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی متاثر ہوگئی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے مطابق بولان ریور بیڈ میں گورکٹ کے قریب KMP-246 والو اسمبلی میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 18 انچ قطر کی مین گیس پائپ لائن متاثر ہوئی۔ دھماکے کے بعد پائپ لائن سے آگ کے شعلے اور دھواں بلند ہوتے دیکھے گئے۔

ایس ایس جی سی کے مطابق دھماکے کے باعث کولپور، مچھ، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، جبکہ کوئٹہ کے بعض علاقوں میں بھی گیس کے کم پریشر کا سامنا ہوسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق متاثرہ والو اسمبلی مرکزی کوئٹہ-سبی روڈ سے تقریباً 700 سے 800 میٹر کے فاصلے پر گورکٹ کے قریب واقع ہے۔

ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مرمتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانگی کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کی منتظر ہیں۔ سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی مرمتی کام شروع کردیا جائے گا۔

کمپنی نے کہا ہے کہ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور گیس کی فراہمی بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ایس ایس جی سی کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس کے ذمہ داروں سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں