مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں، جن میں نوکچہ، چاغی، زیارت کراس اور پشین شامل ہیں، میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری، جرت اور بروقت کارروائی کے ذریعے دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف ریاستی ادارے پوری قوت، عزم اور قومی جذبے کے ساتھ برسرِ پیکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور قومی سلامتی کے دشمن ہیں، جو معصوم شہریوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنا کر ملک میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔
ایسے عناصر کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان نے دہشتگرد حملے کے نتیجے میں کسٹمز کے دو افسران اور ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، امن و سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں اور نہ ہی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں جائیں گی۔مینا مجید بلوچ نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم غم کی اس گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ پوری قوم ان خاندانوں کے دکھ اور قربانی کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
شہدا کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی قربانی دے کر ملک و قوم کے لیے جو عظیم مثال قائم کی ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد ہے۔ پاکستان کے عوام، ریاستی ادارے اور سیکیورٹی فورسز امن و استحکام کے لیے ایک صفحے پر ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور ریاستی رٹ کے استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت امن و امان تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن پسند ہیں اور صوبے میں پائیدار امن، ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔ دہشتگرد عناصر بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی اور خوشحالی سے دور کرنا چاہتے ہیں، تاہم ان کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے خلاف کسی بھی سازش کا بھرپور اور متحد ہو کر مقابلہ کیا جائے گا۔مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیاں ایک پرامن، محفوظ اور مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں اور قوم اپنے شہدا کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔









