فالج کو روکنے والی غذائیں

17

جب ہم علاج کی بات کرتے ہیں تو اس کے لئے سب سے پہلے مریض کا بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کنٹرول کرنا بے حد ضروری ہے۔فالج کی صورت میں خون پتلا کرنے والی ادویات دے کر مرض کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن اس کے اپنے سائیڈ ایفیکٹ ہوتے ہیں۔ماہرین کے مطابق صرف نمک میں کمی اور لائف سٹائل میں تبدیلی سے ہی اسے کنٹرول کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔
صرف واک، ایکسر سائز اور سٹریس میں کمی سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور فالج کے حملے کو روکا جا سکتا ہے۔کھانے پینے میں احتیاط سے نہ صرف اس مرض میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ آنے والے خطرے کا بھی سامنا کیا جا سکتا ہے۔سب سے پہلے ہمیں ایسی اشیاء سے اجتناب کرنا ہو گا جو ہمارے بلڈ پریشر یا بلڈ شوگر کو بڑھاتی ہیں۔

ڈبہ بند مشروبات بیکری آئٹمز، فاسٹ فوڈز، کولڈ ڈرنکس اور زیادہ نمک سے مکمل اجتناب کرنا ہو گا جبکہ پھلوں، کچی سبزیوں اور سلاد کا بھرپور استعمال نہایت مفید ہے۔

ایک ریسرچ کے مطابق روزانہ 7 گرام فائبر کا استعمال فالج کے خطرے کو 58 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔فائبر سبزیوں، پھلوں اور اجناس سے باآسانی حاصل ہو جاتا ہے۔پھلوں سبزیوں اور چربی سے پاک گوشت اور اجناس پر مشتمل متوازن غذائیں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتی ہیں جس سے شریانوں میں مواد اکٹھا نہیں ہوتا اور بلڈ کلاٹنگ کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔اس سے صرف فالج ہی نہیں بلکہ شوگر اور بلڈ پریشر جیسے امراض سے بھی تحفظ ملتا ہے۔
لاس اینجلس میں ایک میڈیکل سینٹر میں ہونے والی تحقیق کے مطابق فالج کے بعد انسانی جسم کو ہونے والے نقصان کو ٹھیک کرنے میں ہلدی بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔خرگوش پر کامیاب تجربات کے بعد ہلدی سے بنائی گئی دوا کا انسانوں پر استعمال کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ایک اور تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ سیب اور ناشپاتی کا استعمال کرنے والے افراد میں فالج کا خطرہ 52 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

سیب اور ناشپاتی وغیرہ فائبر، اینٹی آکسیڈنٹ اور تھالوسین سے بھرپور ہوتے ہیں۔جبکہ کیلے، بند گوبھی، کھیرے، لہسن، پیاز وغیرہ بھی اس حوالے سے نہایت فائدہ مند ہیں۔چاکلیٹ کا استعمال فالج کے خطرے کو 17 فیصد تک کم کرتا ہے۔چاکلیٹ خون کے وہ لوتھڑے بننے سے روکتی ہے جو فالج کا باعث بنتے ہیں۔اس کے علاوہ سبز چائے، بلیو بیریز، اسٹرابیریز بھی فیلامنانٹ سے بھرپور ہوتے ہیں اور فالج کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔
فالج کے علاج میں فزیو تھراپی کا بھی اہم کردار ہے۔فزیو تھراپی کی ورزشیں پٹھوں کی کمزوری کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔فالج کے مریض کو چاہیے کہ وہ ٹھنڈی ہوا سے بچے، گرم کمرے میں رہے اور گرم لباس پہنے۔ہفتہ میں تین بار متاثر جگہ پر زیتون کے تیل کی مالش کرنا بھی خاصہ فائدہ مند ہوتا ہے۔علاج کے ساتھ ساتھ گھر والوں کی توجہ، شفقت اور محبت بھری باتیں مریض کے جلد ٹھیک ہونے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں