فیڈرل بورڈ آف ریونیو بلوچستان کے کمشنر ان لینڈ ریونیو رحمت اللہ خان درانی نے کہا ہے کہ چھوٹے تاجروں کی سہولت کے لئے تاجر دوست اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس سے سالانہ 20 کروڑ روپے سے کم کا بزنس کرنے والے تاجر مستفید ہوکر سالانہ 25 ہزار روپے سالانہ فکس ٹیکس یا آمدن پر 1 فیصد ٹیکس دیں۔
اس اسکیم سے جیولرز ، وکلاء ، چارٹر اکائونٹنٹ ، ڈاکٹرز ، سروس پروائیڈر فائدہ نہیںاٹھا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری میں بلوچستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیمبر کے پیٹرن انچیف حاجی جمعہ خان، سید سلیم رضا ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر تاج محمدبڑیچ، قاری نعیم الرحمن، عطاء اللہ مینگل، مقبول الہٰی بھٹی، سید عبدالخالق آغا، فرزانہ کریم بلوچ، جاوید رحیم پراچہ، عبدالباقی کاکڑ ، ڈاکٹر فرحت حسین، انور علی خمسانی، سرمد احمد، حمیرا منیر ایڈووکیٹ، فرزانہ خلجی ایڈووکیٹ ، بیرسٹر جنگس پلال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
رحمت اللہ خان درانی نے کہا کہ ٹیکس ہر ملک میں دیا جاتا ہے کیونکہ ملک ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن سے چلائے جاتے ہیں اور ٹیکس مختلف کیٹگری کے حساب سے وصول کئے جاتے ہیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وفاقی حکومت کی جانب سے ملک کے چھوٹے تاجروں کو ٹیکس کے حوالے سے سہولیات دینے کے لئے تاجر دوست ٹیکس اسکیم متعارف کرائی ہے جس سے چھوٹے تاجروں کو فائدہ ہونا چاہئے اس اسکیم میں سالانہ 20 کروڑ روپے سے کم آمدن والے تاجر مستفید ہوسکتے ہیں اس اسکیم سے مستفید ہونے کے لے انہیں کوئی اضافی اخراجات ملازم یا جدید ٹیکنالوجی نہیں اپنانا پڑے گی وہ سالانہ 25 ہزار فکس ٹیکس یا اپنی آمدن پر سالانہ 1 فیصد ٹیکس دیں۔
ہماری کوشش ہے کہ اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ چھوٹے تاجروں اور گھروں میں کام کرنے والی خواتین جو اپنا بزنس کررہی ہے انہیں سہولیات فراہم کریں انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کے ذریعے قانون پاس کرکے تاجروں کی سہولت کے لئے بنائی ہے اس کو حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ختم کرسکتی ہے اس اسکیم سے لوگوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے اس کے لئے ایف بی آر کے ہمارے نمائندے لوگوں میں آگاہی فراہم کررہے ہیں جو چھوٹے تاجر اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں گے ان کی دکان پر گرین پلیٹ آویزاں کی جائے گی جس کو دیکھ کر انکم ٹیکس یا ایف بی آر کا کوئی بھی ملزم ٹیکس کے حوالے سے نہیں جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے جیولرز ، ڈاکٹرز ، چارٹر اکائونٹنٹ، سروس پرووائیڈر استفادہ حاصل نہیں کرسکتے یہ چھوٹے تاجروں کی سہولت کے لئے اسکیم متعارف کرائی گئی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی کے تاجروں کیلئے ایف بی آر اقدامات اٹھارہا ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے ٹیکس کے تمام امور کو جانچا جاتا ہے اور ایک نیا سیل قائم کیا گیا ہے جو لوگوں کے اکائونٹ اور ان کی آمدن اور اخراجات کا جائزہ لیتا ہے اور ٹیکس کی وصولی کے لئے اقدامات کرتا ہے اس موقع پر کوئٹہ چیمبر کے نمائندوں کی جانب سے مختلف سوالات کئے گئے جن کا انہوں نے تفصیل سے جواب دیا اور انہیں تاجر دوست ٹیکس اسکیم سے مستفید ہونے کے حوالے سے آگاہی دی۔
اس موقع پر بلوچستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید سلیم رضا ایڈووکیٹ اور کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے پیٹرن انچیف حاجی جمعہ خان نے انہیں شیلڈز دیں









