عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمے میں ناکام ہوکر سیاست کر رہی ہیں،صوبائی امیر جے یو آئی بلوچستان
صوبائی امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع کا وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوے کہا ہے کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے ہمیشہ زمینی حقائق کی بنیاد پر قومی مسائل کی نشاندہی کی ہے، اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر حقائق سے انکار نہیں کیا جا سکتا، مولانا فضل الرحمٰن کا مؤقف ذاتی مفاد نہیں بلکہ پاکستان کے استحکام اور عوام کے تحفظ سے وابستہ ہے، اقتدار میں رہنے والے حکمران مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کی مخالفت کرتے ہیں، اقتدار سے محرومی کے بعد انہی کی باتیں یاد آتی ہیں، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں، مگر عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے
وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمے میں ناکام ہوکر سیاست کر رہی ہیں، شہداء کی قربانیاں مؤثر اقدامات اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کا تقاضا کرتی ہیں، خیبرپختونخوا سے زیادہ بلوچستان کو بدامنی اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، قومی مسائل کا حل الزام تراشی میں نہیں بلکہ سنجیدہ سیاسی مکالمے اور مؤثر حکمت عملی میں ہے
جمعیت علماء اسلام پنجاب میں کامیاب عوامی اجتماعات منعقد کرتی ہے تو اس کے بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع ہو جاتا ہے، جمعیت علماء اسلام کے خلاف کبھی سیاست دانوں، کبھی یوٹیوبرز اور کبھی صحافیوں کے ذریعے منفی مہم چلائی جاتی ہے، منفی پروپیگنڈا اور بے بنیاد مہمات جمعیت علماء اسلام کی سیاسی جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں، مولانا فضل الرحمٰن کی سیاست وقتی نعروں، منفی پروپیگنڈے اور اقتدار کی مصلحتوں سے بالاتر ہے۔









