یونیورسٹی آف گوادر کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کی مناسبت سے“نسلِ نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار—سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ”کے عنوان سے ایک روزہ جامع پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت رکنِ بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن نے کی۔
پروگرام میں یونیورسٹی آف گوادر کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل و چیئرپرسن ڈاکٹر رابعہ اسلم، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، طلبہ و طالبات اور گوادر پریس کلب سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا،
جبکہ شرکاء کی جانب سے قصیدہ بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام کے دوران سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص نوجوان نسل کی کردار سازی، اخلاقی تربیت اور معاشرے کی تعمیر میں سیرت النبی ﷺ کی رہنمائی کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا گیا۔تقریب سے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن، کنٹرولر امتحانات یونیورسٹی آف گوادر ڈاکٹر رحیم مہر اور مذہبی اسکالر اسلم تگرانی نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ انسانیت کے لیے ایک مکمل ضابط? حیات ہے اور بالخصوص نوجوان نسل کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کے لیے اسوہ? حسنہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو درپیش فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنا کر ہی کیا جا سکتا ہے۔مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، اعلیٰ کردار، برداشت، عدل، اخوت، رواداری اور خدمتِ انسانیت کے اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ایک باکردار، ذمہ دار اور مثبت معاشرے کی تشکیل ممکن ہو۔دریں اثناء یونیورسٹی آف گوادر کی مین لائبریری میں طلبہ و طالبات کی جانب سے سیرت النبی ﷺ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے خصوصی کیلیگرافی فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی۔
تقریب کے مہمانانِ گرامی اور شرکاء نے لائبریری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے تخلیقی و فنکارانہ کام کا مشاہدہ کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں دادِ تحسین پیش کی۔
مہمانان نے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں علمی و تخلیقی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کا اہم حصہ قرار دیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ نے بخوبی سرانجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔









