جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے: صدر زرداری

17

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو یکطرفہ تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 7 برس مکمل ہوگئے، آج سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یومِ استحصال منائیں گے۔

یومِ استحصال کشمیر پر صدر زرداری نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بہادری،اورحقِ خود ارادیت کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آج بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 7 برس مکمل ہو چکے ہیں۔

صدر نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جموں وکشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات تنازع کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کر نہیں سکتے، تمام مشکلات کےباوجود مقبوضہ جموں وکشمیرکےعوام مستقبل کے فیصلے،جائزحق کیلئےثابت قدم ہیں، پاکستان مقبوضہ جموں کشمیرکے عوام کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم کا یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام

وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی مکروہ کوششوں کو مزید تیز کیا، مقبوضہ کشمیرمیں سیاسی قیادت کو دبانا،شہری آزادیوں پر قدغنیں، آزاد ذرائع ابلاغ پرپابندیاں باعث تشویش ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کاحوصلہ، استقامت اور ثابت قدمی آج بھی غیرمتزلزل ہے، تنازع کشمیر جنوبی ایشیامیں امن واستحکام کیلئے سب سے بنیادی اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو محض تشویش کے اظہار تک محدود رہنے کے بجائے تنازع کے منصفانہ دیرپا حل کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، جموں و کشمیرکے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی آواز کو ہرعلاقائی اوربین الاقوامی فورم پر پوری قوت سے بلند کرتا رہے گا، بین الاقوامی برادری بھارتی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے، بھارت اگست 2019ء سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات واپس لے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں