بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں مساوی اور منصفانہ رویہ اختیار کیا جائے، جام کمال

41

وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں مساوی اور منصفانہ رویہ اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ صوبے کے تمام اضلاع یکساں ترقی کے مواقع حاصل کر سکیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض مخصوص اور چنیدہ اضلاع پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بارش کر دی گئی ہے، جبکہ کئی دیگر اضلاع کو صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (PSDP) میں نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض علاقوں میں عوامی نمائندوں کو نظر انداز کرکے غیر منتخب افراد کی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ متوازن ترقی کا تقاضا ہے کہ وسائل کی تقسیم سیاسی پسند و ناپسند کے بجائے ضرورت، آبادی، متعلقہ ضلع کے معاشی کردار اور پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے، تاکہ بلوچستان کے ہر ضلع کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے معاملات موجودہ نازک صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں، اس لیے ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم میں شفافیت، انصاف اور توازن کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان پورے صوبے اور اتحادی حکومت (کولیشن) کے نمائندہ ہیں، اس لیے ان پر لازم ہے کہ وہ تمام علاقوں کو مساوی اہمیت دیتے ہوئے متوازن انداز میں فیصلے کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں