شہر میں ای چالان مہم نے دو دنوں میں شہریوں کو چونکا دیا ہے۔ سندھ پولیس نے صرف 48 گھنٹوں میں 10 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 4400 شہری سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر اور 1564 شہری ہیلمٹ نہ پہننے پر پکڑے گئے، جس سے 6 کروڑ 48 ہزار روپے کا جرمانہ صرف انہی دو خلاف ورزیوں سے جمع ہوا۔
ای چالان مختلف خلاف ورزیوں پر جاری کیے گئے، جن میں ریڈ سگنل توڑنا، تیز رفتاری، موبائل فون استعمال کرنا، ون وے کی خلاف ورزی اور فینسی نمبر پلیٹس شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک کی گاڑی کا بھی ای چالان ہو گیا، تاہم بعد میں یہ واضح ہوا کہ گاڑی میں موجود ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی۔
کراچی میں مہم پر تنقید بھی سامنے آئی، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ جب شہر میں ٹریفک سگنلز اور لائن مارکنگ ناکافی ہیں تو بھاری جرمانے ناانصافی ہیں۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے وزیر شرجیل انعام میمن نے وضاحت دی کہ شہری قانون کی خلاف ورزی پر چالان ضروری ہے اور ای چالان سسٹم ایک ماہ کے اندر پورے سندھ میں نافذ کیا جائے گا تاکہ ٹریفک قوانین پر عمل یقینی بنایا جا سکے۔









