کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایک ہفتہ میں آگ بجھانے والے جدید آلات کی تنصیب کا فیصلہ

13

اسلام اباد کے پمز کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعہ کے بعد بلوچستان میں بھی محکمہ صحت کا عملہ جاگ گیا، وزیرصحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایک ہفتہ میں آگ بجھانے والے جدید آلات کی تنصیب کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرصحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام اور اسپتالوں کے ایم ایس نے شرکت کی اجلاس میں کوئٹہ کے اسپتالوں میں آتشزدگی کی صورت میں انتظامات کا جائزہ لیا گیامحکمہ صحت کے عملے کی جانب سے وزیر صحت کو آتشزدگی کی روک تھام کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں آگ بجھانے کیلئے فائر ایکسٹنگوشرز موجود ہیں ، تاہم اسپتالوں میں فائر آلارم اور آگ بجھانے کیلئے جدید آلات دستیاب نہیں ہیں ۔

وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے بائیو میڈیکل انجینئر سے اسپتالوں میں فائر نظام سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ، جو اسپتالوں کا معائنہ کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرائے گا ،وزیر صحت بلوچستان کا کہناتھا کہ ایک ہفتے بعد اسپتالوں میں آگ بجھانے والے جدید آلات لگائے جائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں