بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے آخرکار اپنے اور اہلیہ سابق حسینۂ عالم ایشوریا رائے بچن کے بارے میں پھیلی ہوئی بے بنیاد، من گھڑت طلاق کی افواہوں پر دو ٹوک جواب دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر طویل عرصے سے یہ چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان سب ٹھیک نہیں، حالانکہ جوڑا ہمیشہ خاندان کے ساتھ خوش گوار انداز میں نظر آتا رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں ابھیشیک بچن نے کہا کہ اگر آپ سیلیبریٹی ہیں تو لوگ آپ کی ہر بات پر قیاس آرائیاں کریں گے، ہم سے متعلق جو بھی فضول چیزیں لکھی جاتی ہیں، وہ جھوٹی، بے بنیاد، غلط اور بدنیتی سے بھرپور ہوتی ہیں، یہ لوگ تو ہماری شادی سے پہلے بھی یہی کر رہے تھے، پہلے طے کر رہے تھے کہ ہم کب شادی کریں گے اور شادی کے بعد طے کر رہے ہیں کہ ہم کب طلاق لیں گے، یہ سب بکواس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشوریا میری سچائی جانتی ہیں، میں ایشوریا کی سچائی جانتا ہوں، ہمارا خوش و خرم خاندان ہے، یہی سب سے اہم ہے، باقی سب بے معنی باتیں ہیں۔









