بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کی ٹیم نے کوئٹہ میں مختلف طبی مراکز اور ہسپتالوں کے معائنے کیے اور ضابطہ کار پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔کمیشن کی ٹیم نے جناح روڈ پر قائم کلیکشن سینٹر و ڈائیگناسٹک سینٹر اور شہباز ٹائون میں پولی کلینک کا دورہ کیا۔ فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق کلیکشن سینٹر و ڈائیگناسٹک سینٹر کی انتظامیہ کو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے متعلقہ قواعد و ضوابط اور مقررہ معیار پر عملدرآمد کے لیے نوٹس جاری کیا گیا۔
شہباز ٹائون کے پولی کلینک کو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن میں لازمی رجسٹریشن مکمل نہ کرنے پر مقررہ جرمانے کے ساتھ نوٹس جاری کیا گیا۔دریں اثنا کمیشن کی ٹیم نے زرغون روڈ کوئٹہ میں واقع الخیر ہسپتال کا فالو اپ دورہ بھی کیا، جہاں ہسپتال کے عارضی لائسنس و ایکریڈیٹیشن کی حیثیت اور متعلقہ ضوابط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران ہسپتال انتظامیہ کو ایمرجنسی، فارمیسی اور وارڈز میں مطلوبہ اہلیت کے حامل طبی عملے کی لازمی موجودگی یقینی بنانے کے لیے بھی نوٹس جاری کیے گئے۔
بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق طبی مراکز کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور متعلقہ ضابطہ کار پر عملدرآمد ضروری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد صوبے میں طبی خدمات کے معیار، طبی انتظام، مریضوں کے تحفظ اور ضابطہ کار پر عملدرآمد کو مزید بہتر بنانا ہے۔ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور لائسنسنگ و اینٹی کوئیکری ریگولیشنز 2024 کے تحت طبی مراکز کے معائنے اور ضابطہ کار پر عملدرآمد کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔









