بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ، لورالائی، ڈیرہ مراد جمالی اور حب میں مختلف خوراک کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 15 سے زائد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے، جبکہ کئی مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ میں میر احمد روڈ اور ایئرپورٹ روڈ پر دودھ کی دکانوں کی انسپیکشن کے دوران 5 دودھ فروشوں کو جرمانے کیے گئے، جبکہ 4 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری ہوئے۔
حکام کے مطابق دودھ اور دہی کے نمونوں کی موقع پر جانچ کے دوران پانی اور سکمڈ ملک پاوڈر کی ملاوٹ کی نشاندہی ہوئی۔علمدار روڈ، نیچاری روڈ اور طوغی روڈ پر کارروائی کے دوران 2 فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ایک نان شاپ سمیت متعدد مراکز کے خلاف مختلف خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی۔
ان مراکز میں صفائی کی ناقص صورتحال، کارکنوں کی ذاتی صفائی میں غفلت، کھلے کوڑے دان، نکاسی آب کے نامناسب انتظامات، مکھیوں کی بھرمار اور مضر صحت کھلے کوکنگ آئل کا استعمال سامنے آیا۔
ایک مرکز میں گزشتہ 3 روز سے خراب چکن بروسٹ فریج میں ذخیرہ کیے جانے کی بھی نشاندہی ہوئی۔سبزل روڈ پر کارروائی کے دوران 5 مختلف نوعیت کے مراکز، جن میں ایک سویٹ مینوفیکچرنگ یونٹ، ایک بیکنگ یونٹ، ایک جنرل اسٹور، ایک ٹریڈرز اور ایک پکوان سینٹر شامل ہیں، کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔ ان مراکز میں صفائی کے ناقص انتظامات، مٹھائیوں پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخیں درج نہ ہونے، مضر صحت رنگوں کے استعمال، زنگ آلود ریفریجریٹر، زائد المیعاد اشیائے خورونوش اور غیر مناسب پیکنگ میں سکمڈ ملک پاڈر کی فروخت سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
کارروائی کے دوران پابندی عائد چائنیز نمک بھی برآمد ہوا۔لورالائی میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے شہر کے مضافات میں مختلف خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا۔ معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ دکانداروں کو فوڈ سیفٹی کے مقررہ طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے ساتھ فوڈ بزنس لائسنس کے حصول کے لیے فارم بھی فراہم کیے گئے۔ڈیرہ مراد جمالی میں 6 مراکز، جن میں ایک بیکری، ایک بریانی شاپ اور 4 کریانہ اسٹورز شامل ہیں، کے مالکان کو مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے، جبکہ متعدد دیگر مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری ہوئے۔
بیکری اور بریانی شاپ میں صفائی کے ناقص انتظامات، کارکنوں کی ذاتی صفائی میں غفلت، مضر صحت رنگوں اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال کی نشاندہی ہوئی۔ کریانہ اسٹورز سے زائد المیعاد کیک، بسکٹ، مشروبات، مصالحے اور چیٹوز کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی۔ادھر حب سٹی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مجموعی طور پر 19 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی، جس کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، عملے کی ذاتی حفظانِ صحت میں غفلت، آٹے میں بھنگوں کی موجودگی اور آٹے کے پیڑوں کا وزن مقررہ معیار سے کم ہونے پر 2 کینٹینوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔
دیگر فوڈ بزنس مالکان کو اصلاحی نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ فوڈ بزنس لائسنس کے حصول کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے تمام فوڈ بزنس مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ صفائی، حفظانِ صحت اور خوراک کی تیاری و ذخیرہ کرنے سے متعلق مقررہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔









