ناقص و مضر صحت اشیاخوردونوش کے مکمل خاتمے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کاروائیاں جاری ہیں۔ مختلف اضلاع میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کریک ڈاون کرتے ہوئے متعدد فوڈ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں کیں، اس دوران مجموعی طور پر 4 یونٹس سیل، 25 فوڈ بزنس یونٹس جرمانہ جبکہ 39 بہتری نوٹسز جاری کیے گئے۔
کوئٹہ میں بی ایف اے ٹیموں نے ایئرپورٹ روڈ، سبزل روڈ، میزان روڈ، علمدار روڈ، سریاب روڈ، سرکی روڈ اور گوردت سنگھ روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے بیکریز، ریسٹورنٹس، جنرل اسٹورز، پیزا پوائنٹس، آئسکریم یونٹس اور ٹریڈر گوداموں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران زائدالمعیاد کولڈ ڈرنکس، اسنیکس، کیکس، سوپس، ممنوعہ چائنیز نمک، ناقص مصالحہ جات اور مضر صحت خوراک برآمد ہوئی۔
مزید برآں سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے خراب و ایکسپائرڈ کیک فروخت کرنے والے ایک سپر اسٹور پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کی تصدیق ہونے پر ایک ٹریڈر کا گودام سیل کردیا گیا۔ اسی طرح سنگین حفظانِ صحت خلاف ورزیوں پر ایک پیزا پوائنٹ بھی سیل کیا گیا جہاں کھلی اشیا خورونوش، کچن میں حشرات، ناقص اسٹوریج اور مضر صحت اشیا پائی گئیں۔
علاوہ ازیں کارروائیوں میں بیکنگ یونٹس، ریسٹورنٹس اور جنرل اسٹورز کو ناقص صفائی، زنگ آلود ریفریجریٹرز، غیر معیاری آئل، پیسٹ کنٹرول نہ ہونے، ایکسپائرڈ اشیا اور بغیر لیبل مصنوعات فروخت کرنے پر جرمانے کیے گئے۔ ایک آئسکریم مینوفیکچرنگ یونٹ میں خام مال غیر محفوظ حالت میں رکھنے، پروسیسنگ ایریا میں کچا چکن موجود ہونے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسی طرح گوادر میں زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے جاوید کمپلیکس ایئرپورٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کیفے اور 4 جنرل اسٹورز کو جرمانہ کیا۔ معائنے کے دوران ایکسپائرڈ مصالحہ جات، شیرخرما مکس، ٹیٹرا پیک دودھ، کیکس، کنفیکشنری آئٹمز اور ممنوعہ چائنیز نمک، گٹکا و ماوا برآمد کیا گیا جنہیں ضبط کرکے تلف کردیا گیا۔خضدار میں دوران معائنہ زائدالمعیاد بسکٹس اور دیگر کنفیکشنری آئٹمز فروخت کرنے والے 4 ہول سیل ڈیلرز کو جرمانہ کیا گیا جبکہ تمام مضر اشیاء موقع پر تلف کردی گئیں۔
ڈیرہ مراد جمالی میں مختلف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 2 کریانہ اسٹورز سے ممنوعہ گٹکا اور چائنیز سالٹ برآمد کیا جبکہ ایک بیکری کو ناقص صفائی اور جعلی لیبلنگ پر جرمانہ کیا گیا۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز کو فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد، صفائی کے بہتر انتظامات اور لائسنسنگ پراسیس مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ مختلف اشیاء کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھی حاصل کیے گئی









