بلیلی روڈ شہر کی اہم و مصروف گزرگاہ ہے، اس لیے اس کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

43

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بدھ کو یہاں بلیلی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا دورہ کرتے ہوئے منصوبے کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے افسران اور انجینئرز نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے ڈیزائن، پیش رفت، درپیش چیلنجز اور تکمیل کے متوقع شیڈول سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے طور ناصر سے لے کر باچا آغا تک سڑک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری کام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف اور منصوبے سے وابستہ تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سڑک کے تعمیراتی کام میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلیلی روڈ شہر کی اہم و مصروف گزرگاہ ہے، اس لیے اس کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر تعمیراتی کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک کی روانی سے متعلق جاری مسائل کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے دونوں اطراف کی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھولنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک پلاننگ کو مؤثر بنایا جائے تاکہ دوران تعمیر شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں