پاکستان کے معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی خریداری کے بعد اعلان کیا ہے کہ ایئرلائن کے طیاروں کی تعداد بڑھا کر 38 اورپھر 65 تک لے کر جائیں گے۔
اسلام آباد میں پی آئی اے کی بولی میں کامیابی کے بعد عارف حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے بہت شفاف انداز میں پی آئی اے کی نجکاری کی ہے اور پی آئی اے کی بولی سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، بیرونی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہوں گے اور ملک میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے، اس نے اچھے دن دیکھے ہیں، دنیا میں نمبر2 ایئرلائن رہی ہے، اس کے تمام ملازمین باصلاحیت ہیں اور کام بہت اچھا جانتے ہیں، ملازمین کو ہم اعتماد دیں گے اور ان کی مہارت کا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔
عارف حبیب نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آپریشنل طیاروں کی تعداد 38 کریں گے اور پھر تعداد 65 تک لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے جب توسیع کریں گے تو مزید لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور موجودہ عملے اور تجربہ کار لوگوں کو بھی بہت اچھے مواقع ملیں گے۔









